چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کا خصوصی اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا۔
اس اجلاس کا آغاز محسن نقوی کی مینٹورز کے ساتھ علیحدہ ملاقات سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز کے ساتھ مشترکہ اجلاس کیا۔ اس دوران، ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی نے مستقبل میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے چئیرمین پی سی بی کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ، محسن نقوی اور مینٹورز نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا عمل بھی اسی دوران مکمل کیا جائے گا۔
مزید برآں، محسن نقوی نے پچز کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی، جس پر سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے اراکین عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، حسن چیمہ، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی، اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کے ساتھ ساتھ مینٹورز شعیب ملک، مصباح الحق، وقار یونس، اور ثقلین مشتاق نے بھی شرکت کی۔ سرفراز احمد اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔