پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) نے جدید ترین طریقے سے دل کے علاج کے حوالے سے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ ادارہ جنوبی ایشیا میں سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن (ایس ایس او ٹو) طریقہ علاج کو متعارف کرنے والا پہلا مرکز بن گیا ہے۔
پی آئی سی میں حالیہ دنوں میں دل کے دورے کے مریضوں کے لیے کامیاب پروسیجرز کیے گئے ہیں، جن میں 3 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔ اس طریقے میں تھیراکس ڈیوائس کا استعمال کیا جاتا ہے، جو دل کی چھوٹی شریانوں کو ہائی مقدار میں آکسیجن فراہم کرتی ہے۔
سربراہ کارڈیالوجی، ڈاکٹر عابد اللہ نے بتایا کہ یہ طریقہ علاج ہارٹ اٹیک کے بعد دل کی صحت کو بحال کرنے اور پٹھوں کی کمزوری کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تکنیک ترقی یافتہ ممالک میں پہلے سے رائج ہے اور اس کی کامیابی امید افزا ہے۔
یہ کامیابیاں پی آئی سی کی ٹیم کی مہارت اور جدید طبی ٹیکنالوجی کا عکاس ہیں، جو دل کے مریضوں کے علاج کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد کر رہی ہیں۔