Site icon Bloom Pakistan Urdu

آئی ایم ایف مذاکرات میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے، شہباز شریف

اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین کی جانب سے مسلسل تعاون فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد سے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات سمیت باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کی حکومت اور عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کا یوم تاسیس منانا خوش آئند ہے، چین دنیا کی سپر پاور ہے، دنیا اس کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، حالیہ دورہ چین کے دوران صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کی جانب سے گرمجوش خیر مقدم پر شکر گزار ہوں۔ دونوں ممالک کے تعلقات ناقابل تسخیر اور اٹوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین نے ہرممکن تعاون فراہم کیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں، زراعت اور صنعت کے شعبوں سمیت معیشت کو مضبوط کئے بغیر ہم دنیا میں مقام حاصل نہیں کر سکتے، پاک چین دوستی کا مقصد نہ صرف خطے میں ترقی، امن بلکہ شی جن پنگ کے وژن کے تحت دنیا بھر میں ترقی اور امن کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دیگر عالمی امور پر چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے جا رہے ہیں جس سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ پر نفاذ سے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی معدنیات سمیت دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے کلیدی مفادات کا حامی ہے، ہم چین کے وزیراعظم کے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وہ ایس سی او پروگراموں میں شرکت کرینگے اور دو طرفہ ملاقاتیں کرینگے، ہم خوشحال پاکستان اور چین کیلئے ملکر کام کرینگے۔ اس موقع پر چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ نے چین کی سماجی اور معاشی ترقی پر مبنی نئے شعبوں کی بنیاد رکھی۔ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا، چین محروم اور پسماندہ معاشرہ سے خوشحال معاشرے کی راہ پر گامزن ہوا، چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کہا جا سکتا۔ تقریب سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں آمد پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے 75 ویں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔

Exit mobile version