Site icon Bloom Pakistan Urdu

کاغذ کا دوطرفہ استعمال ہوگا، پارلیمنٹ میں کفایت شعاری کا آغاز

گرفتار

اسلام آباد ۔سپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے ایک کفایت شعاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اسٹیشنری اور دیگر اشیا میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد مالی چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے عوامی پیسے کی بچت کرنا ہے۔اسپیکر کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران اور شعبہ جات کو کفایت شعاری کے اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیشنری آئٹمز کی طلب صرف ایک بار متعلقہ 20 گریڈ یا اس سے اوپر کے افسر کی اجازت سے کی جائے گی۔

جوائنٹ سیکرٹری (ایڈمن) اور ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) کو غیر ضروری اسٹیشنری کی طلبی پر 50 فیصد کٹوتی کا اختیار دیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ کاغذ کا دو طرفہ استعمال ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا، اور غیر استعمال شدہ سرکلر کو دوبارہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ٹیلیفون کے محتاط استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے، اور جن افسران کے ٹیلیفون پر کوئی حد مقرر نہیں، انہیں اپنے استعمال کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سپیکر نے ان اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی ہے تاکہ ملک کو درپیش مالی مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔

Exit mobile version