Site icon Bloom Pakistan Urdu

ایک ہی گھر سے چوتھا جنازہ، وادی نیلم حادثے میں زخمی خاتون انتقال کرگئیں

کراچی: آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے علاقے ببون میں چار روز قبل حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون بھی وفات پا گئیں، جس کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد چار ہو گئی، تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق، وادی نیلم کے سیاحتی مقام ببون کے نگدر کارکہ روڈ پر 9 ستمبر کو کراچی کے سیاحوں کی گاڑی کو ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں گاڑی کھائی میں جاگری۔

اس حادثے میں فوری طور پر صارم صدیقی (باپ)، عیشہ (بیٹی)، اور ابراہیم (بیٹا) ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں تین سالہ یوسف، گیارہ سالہ حسین، مدیحہ (بیگم صارم صدیقی)، قاسم، اور یسری شامل تھے۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا کے رہائشی باپ، بیٹی، اور بیٹے کی لاشیں 10 ستمبر کو کراچی منتقل کی گئیں اور سخی حسن قبرستان میں دفنائی گئیں۔ حادثے میں گیارہ سالہ حسین کی کولہے کی ہڈی، یسری کی ریڑھ کی ہڈی، اور مدیحہ کے سر میں گہری چوٹیں آئی تھیں۔

مدیحہ صارم تین دن تک مظفرآباد کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج رہیں جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی، مگر وہ 13 ستمبر کی صبح وفات پا گئیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ جامع مسجد فلاح میں صبح 8 بجے ادا کی جائے گی اور تدفین سخی حسن قبرستان میں ہوگی۔

Exit mobile version