اسلام آباد، کراچی اور دبئی ایئرپورٹس پر طیاروں نے ہنگامی لینڈنگ کی ہے، تفصیلات کے مطابق لاہور میں خراب موسم کے باعث پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر لینڈ کر گیا، جبکہ فنی خرابی کی بنا پر دبئی سے پشاور جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 284، جو دبئی سے پشاور جا رہی تھی، روانگی کے فوراً بعد فنی خرابی کا شکار ہو گئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے نے 50 منٹ بعد دوبارہ دبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
دوسری جانب، لاہور میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 726، جو لاہور سے اسلام آباد آ رہی تھی، نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوپہر 1:45 بجے ہنگامی لینڈنگ کی۔ طیارہ کچھ دیر کے لیے ایئرپورٹ پر کھڑا رہا اور کلیرنس ملنے کے بعد شام پونے 6 بجے لاہور کے لیے روانہ ہو گیا۔
پاکستان میں 2030 تک 50 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک چارجنگ فراہم کی جائے گی
علاوہ ازیں، جدہ سے لاہور آنے والی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز نے میڈیکل ایمرجنسی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، پائلٹ نے ایک خاتون مسافر کی طبیعت بگڑنے پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔ لینڈنگ کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کا معائنہ کیا اور انہیں اور ان کی بیٹی کو آف لوڈ کر کے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔