اسلام آباد۔کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) کی اسلام آباد، راولپنڈی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر امن طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اجلاس سی پی این ای اسلام آباد ، راولپنڈی کمیٹی کے چیئرمین یحییٰ سدوزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر(پی آئی او) مبشر حسن نے خصوصی شرکت کی۔
پی آئی او مبشر حسن نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اخبارات کے سرکاری اشتہارات کے نرخ میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے جسے منسٹری آف فنانس میں بھیجا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ انھوں نے اخبارات و جرائد کو درپیش دیگر مسائل بغور سنے اور انھیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع چیئرمین کمیٹی یحییٰ خان سدوزئی نے اخبارات کے ساتھ جرائد کے اشتہاراتی کوٹے میں اضافہ کی تجویز پیش کی اور موجودہ حکومت میں اشتہاراتی کوانٹم میں آنے والی بہتری کو سراہتے ہوئے حکومت سے سی پی این ای کے رکن اخبارات کے درمیان اشتہارات کی تقسیم میں بہتری اور واجبات کی ادائیگیوں میں تیزی لانے کا مطالبہ کیا۔
کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباءکے وفد کا سیف سٹی کا دورہ
انھوں نے لاہور، کوئٹہ اور گھوٹکی سمیت ملک بھر میں صحافیوں کے قتل اور آزادی صحافت کے حق کے خلاف ہونے والے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ شہروں میں صحافیوں کے تحفظ اور لا ء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ جس کی شرکا اجلاس نے تائید کرتے اسے بطور قرارداد منظور کیا۔
سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل اعجازالحق نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے اشتہارات سی پی این ای کے رکن اخبارات کو بھی دلوانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سردار خان نیازی نے کہا کہ سی پی این ای کو پرنٹ میڈیا کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کے لیے ہرفورم پر بغیر کسی محاذ آرائی اور جمہوری طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے۔
طاہر فاروق نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں سیمینارز اور کنونشنز کا انعقاد کرنا چاہیے جس میں پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کرکے مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔ رائو خالد محمود نے کہا کہ آزادی صحافت کے ساتھ ہمیں اداروں کو بھی مضبوط کرنا چاہیے کیونکہ ادارے مضبوط ہونے سے آزادی صحافت کو استحکام ملے گا۔
شکیل احمد ترابی نے کہا کہ صحافیوں پر دبائو خاصا بڑھ گیا ہے اس کے باوجود ہمیں اپنی بات پہنچاتے رہنا چاہیے۔ قسور جمیل روحانی نے بھی صحافیوں اور صحافتی اداروں پر دبائو میں اضافے کی تائید کی۔ سفیرحسین شاہ نے کہا کہ صحافیوں میں احساس ذمہ داری اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر سی پی این ای اسلام آباد، راولپنڈی کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین نے پی آئی او مبشر حسن کا خصوصی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین رافع نیازی سمیت دیگر سینئر اراکین ممتاز احمد صادق، عبدالسلام باٹ، میاں فضل الٰہی اور طارق محمود بھی موجود تھے۔