برلن: جرمنی نے مختلف جرائم میں ملوث 28 افغان پناہ گزینوں کو قطر کی معاونت سے واپس افغانستان بھجوا دیا۔عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، جرمنی نے افغان پناہ گزینوں کو ملک بدر کرنے سے قبل دو ماہ تک قطر کے ذریعے طالبان سے بات چیت کی اور ڈی پورٹ کرنے کی حکمت عملی تیار کی۔
جرمنی حکومت کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بدر کیے گئے افغان شہری مختلف جرائم میں ملوث اور سزا یافتہ تھے، جس کی وجہ سے انہیں جرمنی میں رہنے کا کوئی حق نہیں تھا۔ان افراد کو قطر ایئر ویز کے چارٹر طیارے کے ذریعے افغانستان بھیجا گیا۔
یاد رہے کہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جرمنی نے افغان شہریوں کی ملک بدری روک دی تھی، لیکن یہ عمل اس وقت دوبارہ شروع کیا گیا جب ایک افغان پناہ گزین کو چاقو حملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔