اسلام آباد۔وفاقی حکومت نے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) میں بھی اصلاحات لانے کا بڑا اقدام کرتے ہوئے 25 پروگرام بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن میں جامع اصلاحات کا آغازکر دیا ہے،اس حوالے سے پی ٹی وی میں کم ریٹنگ کے حامل 25 پروگراموں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تمام فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہونگے
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پروفیشنلزم اور تعمیری تنقید کے فروغ کے لئے نئی پالیسی کے تحت نئے پروگرام شروع کئے جائیں گے،پی ٹی وی نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز کے پروگراموں کو بہتر بنانے کے لئے پروفیشنل اینکرز، پروڈیوسرز اور ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں
وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی سے سفارشی کلچر، نااہلی اور فیک نیوز کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کے پروگراموں میں نئی پالیسی کا مقصد پیشہ ورانہ رویوں اور تعمیری تنقید کو فروغ دینا ہے
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ٹاک شوز کی ریٹنگ کے حوالے سے خدشات دور کئے جائیں گے،اس حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کی گئی ہے تاکہ تعمیری تنقید کو فروغ دیا جا سکے،ہمارا مقصد پی ٹی وی کے شوز اور پروگراموں کو منافع بخش بنانا ہے، آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی کامیاب کوریج کی گئی، آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے پی ٹی وی کو تاریخی منافع ہواہے۔