لاہور۔نیوزی لینڈ نے سہ فریقی کرکٹ سیریز کے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ کیویز نے 243 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ صرف 5 کے مجموعی اسکور پر گری جب ول ینگ 5 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 76 کے اسکور پر گری، کین ولیمسن 34 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
تیسری وکٹ 108 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیون کونوے 48 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ چوتھی وکٹ 195 رنز پر گری، ڈیرل مچل 57 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 232 رنز پر گری، ٹام لیتھم نے 56 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی لیکن شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گلین فلپس نے 20 جبکہ مائیکل بریسویل نے 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے نسیم شاہ نے 2، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی ناکامی میں ناقص فیلڈنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ ٹام لیتھم کو 4 مواقع ملے، ان کے 3 کیچز چھوڑے گئے اور ایک بار ایل بی ڈبلیو ہونے کے باوجود ابرار احمد نے ریویو نہیں لیا۔
قبل ازیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.3 اوورز میں 242 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گیا۔
اوپنر فخر زمان 10 رنز بنا کر 16 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے، سعود شکیل 8 رنز پر 46 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہو گئے۔ بابر اعظم 29 رنز بنا کر 54 کے مجموعے پر کیچ دے بیٹھے۔
محمد رضوان نے 46 رنز کی اننگز کھیلی، وہ 142 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوئے۔ نائب کپتان سلمان آغا 45 رنز بنا کر 161 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ طیب طاہر 38 رنز بنا کر 195 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دیگر بلے بازوں میں خوشدل شاہ 7، شاہین شاہ آفریدی 0، فہیم اشرف 22 اور نسیم شاہ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کی ٹیم 242 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ول او آرک نے 4، مچل سینٹنر نے 2 جبکہ جیکب ڈفی اور نیتھن سمتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔