اسلام آباد۔یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) پر عائد پابندی ہٹا دی۔پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے باضابطہ طور پر پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جو ملک کی ہوابازی کی صنعت کے لیے ایک انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔
ترجمان کے مطابق، ایاسا نے وزارت ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو خط کے ذریعے اطلاع دی اور ان کی جانب سے پی آئی اے کی ٹیم اور انتظامیہ کو سخت ترین معیارات پر پورا اترنے پر مبارک باد دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ آئندہ بھی ایاسا کے قوانین اور ضوابط کی مکمل پابندی کرے گی۔ یہ کامیابی گزشتہ چار سالوں کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے یہ اہم سنگ میل عبور کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ای او پی آئی اے نے اس اہم موقع پر وزارت ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے ٹیم اور ہوابازی کے شعبے سے منسلک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تعاون پر مبارک باد دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن اور ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پابندی ہٹانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے اس کامیابی پر وفاقی وزیر خواجہ آصف، وزارت ہوابازی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے انتظامیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے پی آئی اے کی ساکھ بہتر ہوگی اور مالی طور پر بھی فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفری سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کا خاتمہ ایک تاریخی لمحہ ہے، جو وزارت ہوابازی اور سول ایوی ایشن کے سیفٹی معیارات کو یقینی بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔