لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ کیس میں ملزم یاسر علی کی ضمانت کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمہ آمنہ عروج کے شریک ملزم یاسر علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ خلیل الرحمان قمر کے وکیل زین علی قریشی ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل مکمل کیے، جبکہ ملزم یاسر علی کے وکلاء نے بھی ضمانت پر دلائل دیے۔
ملزم یاسر علی نے جیل سے ضمانت کی درخواست دائر کی ہوئی ہے۔ آمنہ عروج، یاسر علی، اور دیگر افراد پر خلیل الرحمان قمر کے اغوا کا الزام ہے۔