اسلام آباد — وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے اطلاع دی کہ محسن نقوی اور عطا تارڑ جماعت اسلامی کے ساتھ معاہدے پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے منصورہ آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی خواہاں ہے۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ ہمارے مطالبات میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی، بجلی کے بلوں پر کیپیسٹی چارجز کا خاتمہ، بجلی کے ٹیرف میں کمی، اور سرکاری ملازمین پر ٹیکسوں میں کمی شامل ہیں۔ نائب امیر جماعت نے یہ بھی کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔