جارجیا۔ امریکی ریاست جارجیا میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نائب صدر کملا ہیرس کے خطاب کے دوران فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے غزہ کی صورت حال اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا، اور کملا ہیرس کے خطاب کے دوران فلسطین حامی مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس پر کملا ہیرس کو اپنا خطاب روکنا پڑا اور مظاہرین سے نعرے بند کرنے کی درخواست کرنا پڑی۔ نائب صدر کملا ہیرس نے خطاب میں کہا کہ وہ اور صدر بائیڈن غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابی سروے پر زیادہ توجہ نہ دیں۔ رائٹرز اور اپسوس کے انتخابی سرویز کے مطابق، کملا ہیرس کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے، نائب صدر کو 45 فیصد اور ٹرمپ کو 41 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے سروے میں بھی کملا ہیرس کو ٹرمپ کے مقابلے میں ایک فیصد کی برتری حاصل ہے۔