لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کی اگلے ماہ لندن جانے کی توقع ہے۔ پارٹی کے ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف 11 ستمبر کو بیگم کلثوم نواز کی برسی کے بعد لندن کے لئے روانہ ہو سکتے ہیں۔
نواز شریف کو لندن میں اپنے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کروانا ہے، جس کے بعد وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ نواز شریف کے لندن میں دو سے تین ہفتے تک قیام کا امکان ہے، اور یہ روانگی سیاسی حالات پر بھی منحصر ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ سال 21 اکتوبر کو وطن واپس پہنچے تھے، جبکہ اس سے قبل وہ 4 سال تک لندن میں علاج معالجے کے لیے مقیم رہے تھے۔